فیصل آباد میں معمولی گھریلو جھگڑے نے سنگین رخ اختیار کر لیا، جہاں ایک شخص نے فائرنگ کر کے اپنی بیوی اور دو بیٹیوں کو قتل کر دیا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کھرڑیانوالہ کے علاقے علی گارڈن میں پیش آنے والے واقعے میں ملزم جاوید اقبال کا اپنی 37 سالہ اہلیہ صائمہ کے ساتھ معمولی بات پر جھگڑا ہوا، جس پر وہ مشتعل ہو گیا اور پستول سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔فائرنگ کے نتیجے میں صائمہ اور اس کی دو بیٹیاں، 17 سالہ ام حبیبہ اور 13 سالہ عائشہ صدیقہ، موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کیے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم تہرے قتل کے بعد فرار ہو گیا ہے، جس کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔مقتولین کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔