اسلام آباد میں مذاکرات پاکستان نہیں عالم اسلام کے لیے فخر کا لمحہ ہے، شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات نہ صرف پاکستان بلکہ پوری عالمِ اسلام کے لیے فخر کا لمحہ ہیں، اور اب خلیج میں جنگ کے بجائے امن کی باتیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی تجویز پر امریکا اور ایران عارضی جنگ بندی پر متفق ہوئے، اور پاکستان کی خلوص بھری دعوت پر دونوں ممالک کی قیادت اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔

وزیرِاعظم نے اپنے خطاب میں جنگ بندی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کرنے پر نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے بجھانے میں فیلڈ مارشل کی خدمات کو تاریخ ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھے گی۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کو امن کے لیے عالمی حمایت حاصل ہے اور بالآخر جیت امن اور انسانیت کی ہوگی۔ ان کے مطابق اس نازک صورتحال میں پاکستانی قیادت نے اعتماد کے ساتھ دونوں فریقوں کو عارضی جنگ بندی پر آمادہ کیا، جو پہلے ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھے اور اب بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے پر تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی وفد محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جس میں وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں، جبکہ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں پہنچنے والا ہے۔

ادھر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اسلام آباد مذاکرات پر امید کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کو کشیدگی کم کرنے اور دشمنی ختم کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا ہے، اور دونوں ممالک کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اقوامِ متحدہ کے نمائندے بھی خطے میں سفارتی کوششوں کی حمایت کے لیے موجود ہیں۔