اسلام آباد( ویب ڈیسک)وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تاریخی جنگ بندی کی کامیابی کے اعزاز میں جمعہ کو ملک بھر میں ‘یومِ تشکر’ منایا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں امریکہ اور ایران کے درمیان اس اہم معاہدے اور پاکستان کے کلیدی کردار پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پورے ملک میں اس کامیابی کو منانے کے لیے خصوصی پروگرامز اور دعائیہ اجتماعات ہوں گے۔
وزیرِ اعظم نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ یومِ تشکر کے موقع پر خطے میں امن اور مذاکرات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو سراہا اور کابینہ نے انہیں ڈیسک بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا، “اللہ تعالیٰ نے پاکستان کا وقار بلند کیا ہے اور یہ کامیابی پوری قوم کی ہے۔ پاکستان کو امریکا اور ایران کے مذاکرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہوا ہے۔”
وزیرِ اعظم نے صدر آصف علی زرداری اور نائب وزیرِ اعظم بلاول بھٹو زرداری کی کوششوں کو بھی لائقِ تحسین قرار دیا اور کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ جدوجہد نے یہ ناممکن کام ممکن بنایا۔
اپنے خطاب میں وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ، “ہم اس عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے تمام اقدامات کریں گے۔ ہمارا مقصد خطے اور دنیا کو آگ کے شعلوں سے بچا کر پرامن بنانا ہے۔”
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی قوت کے طور پر دنیا میں امن کے قیام میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا، اور موجودہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی بحرانوں کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔