“وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے دنیا کو تباہی سے بچایا، سیاسی رہنماؤں نے خراج تحسین پیش کیا”

“وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے دنیا کو تباہی سے بچایا، سیاسی رہنماؤں نے خراج تحسین پیش کیا”

اسلام آباد( ویب ڈیسک) مختلف سیاسی رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو سراہا ہے۔

پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی قیادت کی بدولت سفارتی کوششیں بروقت کامیاب ہوئیں اور خطے کو ممکنہ بڑی تباہی سے بچایا گیا۔ ان کے مطابق دانشمندانہ حکمت عملی نے بات چیت کا راستہ ہموار کیا اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت کردار سامنے آیا۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد دی اور کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیاب سفارتکاری نوبل امن انعام کے لیے ایک مثالی کیس بن سکتی ہے۔

پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امن کے لیے اپنی دانشمندی اور عزم کے ساتھ قیادت کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے تہران، واشنگٹن اور اسلام آباد کی قیادت کی کوششوں کو بھی سراہا، جس کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی اور سفارتکاری کو فروغ ملا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ایک خوش آئند اقدام ہے، اور دنیا کو تباہی کے بجائے بات چیت کی ضرورت ہے۔