پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کا منصوبہ پیش

اسلام آباد(ویب ڈیسک)/واشنگٹن: ایران اور امریکہ کے درمیان جاری کشیدگی ختم کرنے کے لیے پاکستان نے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے، جو دونوں ممالک کی قیادت کو پیش کر دیا گیا ہے۔ را۔ئٹرز کے مطابق اس فریم ورک میں فوری جنگ بندی اور مشترکہ معاہدے کی تجاویز شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کا امکان بھی موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر نے امریکی نائب صدر ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ مسلسل رابطے کیے۔ منصوبے کے مطابق 45 دن کی جنگ بندی کے بعد اسلام آباد میں حتمی مذاکرات متوقع ہیں، جس میں ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی کے بدلے پابندیوں میں نرمی اور منجمد اثاثوں کی بحالی شامل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب ایران نے بھی پاکستان کا تیار کردہ منصوبہ وصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ ایرانی اہلکار نے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ جنگ بندی سے متعلق تجویز موصول ہوئی ہے اور اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم، تہران نے واضح کیا کہ وہ کسی ڈیڈ لائن یا دباؤ کو قبول نہیں کرے گا اور عارضی جنگ بندی کے بدلے آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ نہیں کرے گا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ میں مستقبل کی جنگ بندی کے لیے تیاری کا فقدان ہے۔