اسلام آباد(ویب ڈیسک) – وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پریشان شہریوں کے لیے بڑا ریلیف اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کو ایک ماہ کے لیے مکمل طور پر مفت کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر اپنے ایک پیغام میں اس فیصلے کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ کل سے اسلام آباد کے تمام مسافر پبلک ٹرانسپورٹ میں مفت سفر کر سکیں گے، اس سہولت کا مقصد پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو مفت چلانے کے تمام اخراجات وزارتِ داخلہ خود برداشت کرے گی، یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور شہری ایک ماہ تک بغیر کسی کرایے کے سفر کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔