سکھر میں پیٹرول مہنگا ہونے پر سندھ یونائٹڈ پارٹی کا منفرد احتجاج

سکھر (ویب ڈیسک): پیٹرول کی قیمت میں حالیہ 137 روپے فی لیٹر اضافے کے خلاف سکھر میں سندھ یونائٹڈ پارٹی کی جانب سے منفرد احتجاج کیا گیا۔ کارکنان نے شہر کے مختلف علاقوں میں ریلی نکالی اور ریڑے پر موٹر سائیکل رکھ کر علامتی جنازہ نکالا۔

مظاہرین نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیا۔ احتجاج کے دوران شرکاء کا کہنا تھا کہ پیٹرول مہنگا ہونے سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھیں گے بلکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء بھی مزید مہنگی ہو جائیں گی۔

سندھ یونائٹڈ پارٹی کے مقامی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا موجودہ طوفان حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔

رہنما عیدن جاگیرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریب عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مزید بوجھ ڈال رہی ہے۔

مظاہرین نے اعلان کیا کہ اگر قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔