کراچی میں دو بڑے بارش کے اسپیلز متوقع، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا

کراچی (ویب ڈیسک) — ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات انجم نزیر ضیغم نے شہر میں آج دو بڑے بارش کے اسپیلز کی پیش گوئی کی ہے، پہلا اسپیل دوپہر 12 بجے کے بعد اور دوسرا شام 6 بجے کے بعد متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا طاقتور سسٹم ملک بھر میں داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث مختلف شہروں میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سلسلہ 5 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔

کراچی کے قائد آباد، ملیر، میٹروول، سائٹ ایریا اور حبیب بینک چورنگی کے علاقوں میں رات سے بارش جاری ہے، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ مضافاتی علاقوں میں ژالہ باری کا امکان بھی ہے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان کے دیگر شہروں جیسے لاہور، کوئٹہ، خضدار، ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی موسلادھار بارش، آندھی اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور شمالی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کسانوں اور سیاحوں کو خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔