اسلام آباد میں مشرقِ وسطیٰ امن کانفرنس، اہم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے آج اسلام آباد میں ایک اہم سفارتی اجلاس منعقد ہو رہا ہے، جس نے پاکستان کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

اجلاس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں، جہاں خطے میں امن کے قیام کے لیے اہم مشاورت کی جائے گی۔

پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی اور ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان دفتر خارجہ پہنچ چکے ہیں، جن کا استقبال نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کیا، جبکہ سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی آمد بھی متوقع ہے۔

اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں علاقائی کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بدر عبدالعاطی اور حاقان فیدان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تعاون جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔دریں اثنا اسحاق ڈار نے قطر اور ایران کے وزرائے خارجہ سے بھی رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر گفتگو کی گئی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بات چیت میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ قطری قیادت نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔مزید برآں ایران نے پاکستانی بحری جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے، جسے مثبت اور تعمیری پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اسحاق ڈار نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام خطے میں امن کے قیام میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔