کراچی (ویب ڈیسک)شہر کے علاقے خداداد کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چلتی گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں میں 3 بچیاں، 4 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔ واقعے کے فوری بعد تمام متاثرین کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان شادی کی تقریب سے واپس اپنے گھر جا رہا تھا کہ راستے میں اچانک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ بظاہر شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا، تاہم حتمی وجوہات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق جھلسنے والے تمام افراد خداداد کالونی کے رہائشی ہیں اور حکام واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔