کراچی (ویب ڈیسک): محکمہ موسمیات نے سندھ میں داخل ہونے والے نئے بارش برسانے والے موسمی سسٹم کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 29 مارچ تک صوبے کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ کے متعدد شہروں میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں آج بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے، جبکہ کہیں کہیں گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کے امکانات موجود ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 27 مارچ کو موسم میں عارضی وقفہ آ سکتا ہے، تاہم 28 اور 29 مارچ کو دوبارہ بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ شہر کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیے جانے کی توقع ہے۔ اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد جبکہ ہواؤں کی رفتار تقریباً 11 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی جا رہی ہے۔
مغربی ہواؤں کا سلسلہ برقرار رہنے کے باعث انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے، کمزور عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہا جائے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خدشے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔