آبنائے ہرمز بند نہیں، جہاز رانی میں ہچکچاہٹ انشورنس کمپنیوں کے خوف کے باعث ہے: عباس عراقچی

تہران (ویب ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا ہے کہ تجارتی بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز بند نہیں ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز معمول کے مطابق کھلی ہے، تاہم جہاز رانی میں جو ہچکچاہٹ دیکھنے میں آ رہی ہے وہ جنگی صورتحال کے باعث انشورنس کمپنیوں کے خوف کی وجہ سے ہے، نہ کہ ایران کی کسی کارروائی کے سبب۔

انہوں نے کہا کہ نہ کوئی انشورنس کمپنی اور نہ ہی کوئی ایرانی مزید دھمکیوں سے مرعوب ہوگا۔ اگر تجارتی اصولوں کا احترام نہ کیا گیا تو اس کے نتائج بھی اسی نوعیت کے ہوں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سمندری راستوں پر آزادانہ آمدورفت اس وقت تک ممکن نہیں جب تک تجارت کی آزادی اور بین الاقوامی اصولوں کا احترام نہ کیا جائے۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران نے امریکا کے ساتھ مذاکرات کے تمام دروازے بند کر دیے ہیں۔ ان کے بقول امریکا نے ماضی میں مذاکرات کے نام پر ایران کو بدترین دھوکا دیا، حملہ نہ کرنے کے وعدے محض فریب ثابت ہوئے اور اب امریکا پر اعتماد کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔