ایران پر حملوں کے دوران 16 امریکی طیارے تباہ ہونے کا دعویٰ

غیر ملکی خبر رساں ادارے بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حملوں کے آغاز سے اب تک کم از کم 16 امریکی طیارے تباہ ہو چکے ہیں، جن میں ریپر اسٹرائیک ڈرون بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق حملوں یا حادثات کے نتیجے میں نصف درجن دیگر طیارے بھی بری طرح متاثر ہوئے۔ تباہ ہونے والے طیاروں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کویت میں دوستانہ فائرنگ کے واقعے میں تین امریکی ایف 15 طیارے مار گرائے گئے۔

مزید بتایا گیا کہ ایک کے سی 135 ٹینکر طیارہ ایندھن بھرنے کے آپریشن کے دوران تباہ ہو گیا، جس میں سوار عملے کے تمام 6 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پانچ دیگر کے سی 135 طیاروں کو مبینہ طور پر ایرانی میزائل حملے میں اس وقت نقصان پہنچا جب وہ سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر کھڑے تھے۔

مزید برآں، ایرانی فضائی دفاعی نظام نے اب تک بغیر پائلٹ کے ریپر ڈرونز کو نشانہ بنایا ہے، جن میں کم از کم نو ڈرون فضا میں تباہ کیے گئے۔