چوہنگ میں نوجوان کے قتل کا معمہ حل، میاں بیوی گرفتار

چوہنگ میں پانچ ماہ قبل 28 سالہ نوجوان مدثر حسین کے قتل کا معمہ حل ہو گیا۔ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ چوہنگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم اور اس کی بیوی کو گرفتار کر لیا۔ایس پی انویسٹی گیشن صدر عبداللہ عمران چیمہ کے مطابق مقتول مدثر حسین اور مرکزی ملزم کی بیوی کے درمیان مبینہ تعلقات تھے۔ اسی رنجش پر میاں بیوی نے مل کر قتل کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس کے مطابق منصوبے کے تحت خاتون نے مدثر حسین کو ملنے کے بہانے گھر بلایا اور اسے بوتل میں زہریلا “کالا پتھر” ملا کر پلا دیا۔ زہریلی بوتل پینے کے بعد مدثر حسین کی حالت بگڑ گئی اور وہ دو روز تک اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور تفتیشی عمل کی مدد سے ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی، جس کے بعد دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔