سول اسپتال کراچی سے اغوا ہونے والا بچہ 3 ماہ بعد بازیاب، میاں بیوی گرفتار

کراچی میں تین ماہ قبل سول اسپتال سے اغوا ہونے والے بچے کو پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بازیاب کرا لیا جبکہ اغوا میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے تین ماہ قبل سول اسپتال سے اغوا ہونے والے بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کے مطابق کارروائی گارڈن کے علاقے میں کی گئی جہاں پولیس نے اغوا میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت علی اور اس کی اہلیہ قرت العین کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے تین ماہ قبل سول اسپتال کراچی سے ‘اذان’ نامی بچے کو اغوا کیا تھا۔بچے کی بازیابی کے لیے ایس ڈی پی او عیدگاہ ظفر پٹھان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں ایس ایچ او عیدگاہ اور ایس ایچ او گارڈن بھی شامل تھے۔پولیس ٹیم نے گزشتہ تین ماہ کے دوران مسلسل تفتیش اور حکمت عملی کے ذریعے ملزمان تک رسائی حاصل کی اور بچے کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے معصوم بچے کو بازیاب کرایا جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔