مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے باعث ایئرپورٹس پر پھنسے مسافروں کی سہولت کے لیے ایمریٹس ایئرلائن نے خصوصی فلائٹ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ایئرلائن نے دبئی سے جدہ، مانچسٹر، لندن، پیرس اور فرینکفرٹ کے لیے پانچ خصوصی پروازیں روانہ کی ہیں۔ پہلے سے بکنگ کرانے والے مسافروں کو ترجیح دی جائے گی اور محدود نشستوں کے لیے ایئرلائن خود مسافروں سے رابطہ کرے گی۔مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جب تک انہیں پرواز کی حتمی تفصیلات موصول نہ ہوں، وہ ایئرپورٹ نہ جائیں۔ مشرق وسطیٰ کے سات بڑے ایئرپورٹس (دبئی، دوحہ، شارجہ، ابوظبی، بحرین، کویت اور المکتوم) پر اب تک تقریباً 9,500 سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔سعودی ایئرلائنز نے پروازوں کی منسوخی کی مدت 4 مارچ تک بڑھا دی ہے۔ پشاور، عمان، کویت، دبئی، ابوظبی، دوحہ، بحرین اور ماسکو کے لیے پروازیں تاحال معطل ہیں۔ پاکستان سے آج 106 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ابوظبی میں پاکستانی سفارتخانے نے ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کے لیے ہنگامی اقدامات کیے ہیں اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مخصوص فارم بھر کر اپنی تفصیلات فراہم کریں تاکہ سفارتخانہ ان کی مدد کر سکے۔