غوثپور اور اس کے گرد و نواح میں امن و امان کی صورتحال ایک بار پھر خراب ہو گئی۔ شہر کے مسجد محلہ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے ہندو تاجر انجنیئر لال کے گھر میں گھس کر اہلِ خانہ کو یرغمال بنا لیا اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
گھر والوں کے مطابق رات تقریباً دو بجے چار نامعلوم ملزمان، جن کے چہرے ڈھکے ہوئے تھے، اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر گھر میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے تمام اہلِ خانہ کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کر دیا اور پورے گھر کی تلاشی لی۔
ڈکیت چھ تولہ سونا، پانچ لاکھ روپے نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے، جبکہ فرار ہوتے وقت اہلِ خانہ کو گھر کے اندر بند کر کے باہر سے کنڈی لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر غوثپور پولیس کے ایس ایچ او قربان بنگوار پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور متاثرہ خاندان سے تفصیلات حاصل کیں۔
دوسری جانب متاثرین ساگر کمار، یوگیش کمار، ببلو کمار اور دیگر افراد نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کشمور پولیس کے سربراہ سے مطالبہ کیا کہ وہ غریب اور بے بس لوگ ہیں، ان سے لوٹا گیا سامان واپس کرایا جائے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اور مؤثر کارروائی نہ کی گئی تو جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے مزید بلند ہو جائیں گے۔