گورنر سندھ کا استعفیٰ مانگا گیا تو صدر زرداری مستعفی ہوں، فاروق ستار کا جوابی وار

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا استعفیٰ مانگنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے سخت ردعمل دیتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے ایم کیو ایم کا گورنر سندھ کا ایک عہدہ بھی برداشت نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایک شخص بھی انہیں کھٹک رہا ہے، اگر ہمت ہے تو مردوں کی طرح میدان میں مقابلہ کریں۔ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی گورنر سندھ کے استعفے کا مطالبہ کرتی ہے تو پھر ہم صدر زرداری کے ساتھ ساتھ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنرز سے بھی استعفے کا مطالبہ رتے ہیں۔انہوں نے پیپلز پارٹی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنا نام بدل کر سندھ پیپلز پارٹی رکھ لے۔ فاروق ستار نے تمام سول اور عسکری قیادت سے اپیل کی کہ کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کے چنگل سے بازیاب کرایا جائے۔فاروق ستار نے مزید کہا کہ استثنیٰ صرف صدر مملکت کو حاصل ہے، باقی کسی کو نہیں۔ جب صدر زرداری پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت کر سکتے ہیں تو گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی ایم کیو ایم کے اجلاس میں شریک ہو سکتے ہیں۔