انگلینڈ کے خلاف جیت کے لیے بابر اعظم سے اوپن کرایا جائے، باسط علی کا مشورہ

سابق قومی کرکٹر باسط علی نے آج انگلینڈ کے خلاف اہم میچ میں پاکستان کی جیت کے لیے بابر اعظم سے اوپن کرانے کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان آج ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف اپنا فیصلہ کن میچ کھیل رہا ہے۔ اس میچ میں فتح پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا سکتی ہے، جبکہ شکست کی صورت میں فائنل فور تک رسائی مشکل ہو جائے گی۔ اسپیشل پروگرام ’ہر لمحہ پرجوش‘ میں گفتگو کرتے ہوئے باسط علی نے کہا کہ آج کا میچ ڈو یا ڈائی ہے، اس لیے روایتی سوچ ترک کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نیا بال ول جیکس سے کروا رہا ہے جو لیفٹ ہینڈ بیٹرز کو مشکل میں ڈال رہا ہے۔ اگر لیفٹ ہینڈر صائم ایوب جلد آؤٹ ہو گئے اور صاحبزادہ فرحان بھی وکٹ گنوا بیٹھے تو پاکستان کی بیٹنگ دباؤ میں آ جائے گی۔باسط علی کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کی طرح پاکستان کو بھی پلان تبدیل کرنا ہوگا۔ عادل رشید اور ڈاؤسن کے خلاف مڈل آرڈر میں لیفٹ ہینڈ بیٹرز ضروری ہیں، تاہم کوچ کو یہ بات سمجھنی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے میچ میں شاہین شاہ آفریدی کو فہیم اشرف کی جگہ کھلایا جا سکتا ہے۔دوسری جانب سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ ٹیم میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ول جیکس مکمل بولر نہیں بلکہ آل راؤنڈر ہے، اگر ہم اسے وکٹیں دے دیں تو یہ ہماری ناقص پلاننگ ہوگی۔کامران اکمل کے مطابق انگلینڈ کے پاس اصل خطرہ صرف جوفرہ آرچر اور عادل رشید ہیں، اگر پاکستان ان دونوں کو وکٹ نہ دے تو ٹیم 170 رنز با آسانی بنا سکتی ہے۔