اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین اور ممتاز عالم دین مفتی منیب الرحمان نے رمضان المبارک 1447ھ (2026) کے لیے صدقہ فطر، فدیہ صوم اور کفارہ صوم کی مقدار اور رقوم کا اعلان کر دیا ہے۔
رواں سال صدقہ فطر کی کم از کم مقدار فی کس 300 روپے مقرر کی گئی ہے، جو گندم کے نصاب کے مطابق ہے۔ تاہم مفتی صاحب نے تاکید کی کہ اہل ثروت افراد اپنی مالی حیثیت کے مطابق جو، کھجور یا کشمش کے نصاب سے فطرہ اور فدیہ ادا کریں تاکہ مستحقین کی بہتر مدد کی جا سکے۔
گندم کے نصاب کے مطابق دو کلو آٹے کی قیمت 300 روپے ہے۔
چار کلو جَو کے مطابق فدیہ 1,160 روپے فی کس۔
چار کلو کھجور کے مطابق 2,800 روپے فی کس۔
چار کلو کشمش کے مطابق 7,200 روپے فی کس ادا کیے جا سکتے ہیں۔
مفتی منیب الرحمان نے روزہ جان بوجھ کر توڑنے کے کفارے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا شامل ہے۔ مالی لحاظ سے کفارہ درج ذیل ہے:
گندم: 18,000 روپے
جَو: 69,600 روپے
کھجور: 1,68,000 روپے
کشمش: 4,32,000 روپے
انہوں نے واضح کیا کہ فدیہ صرف ان دائمی مریضوں یا ضعیف العمر افراد کے لیے ہے جو روزہ رکھنے کی قدرت نہیں رکھتے، جبکہ عارضی مریض یا مسافر اپنی روزوں کی قضا بعد میں کریں گے۔
مزید برآں، جو شخص روزہ رکھ کر کسی شرعی عذر کے بغیر توڑ دے، اس پر کفارہ لازم ہے، جس کے لیے اسے مسلسل 60 روزے رکھنے ہوں گے اور ایک روزے کی قضا بھی کرنی ہوگی۔ اگر وہ جسمانی طور پر روزہ رکھنے کے قابل نہ ہو تو مالی کفارہ ادا کرنا ہوگا۔