کراچی: شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے اہم انتظامی فیصلہ کرتے ہوئے پیر محمد شاہ کو ایک بار پھر ڈی آئی جی ٹریفک کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیر محمد شاہ کو 30 جنوری کو ایس این جی ڈی بھیج دیا گیا تھا، جس کے بعد مظہر نواز شیخ کو ڈی آئی جی ٹریفک کا اضافی چارج دیا گیا تھا۔ تاہم اب مظہر نواز شیخ دوبارہ اپنے اصل عہدے بطور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیر محمد شاہ آج سے بطور ڈی آئی جی ٹریفک اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے، جبکہ اس تقرری کا باضابطہ اعلامیہ چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ سندھ نے شہر میں ٹریفک کی خراب صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان ظاہر کیا تھا اور ہدایت دی تھی کہ ماہِ رمضان کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ٹریفک نظام کو مؤثر بنانے کے لیے ٹریفک پولیس نے ضلعی پولیس سے تعاون لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔