ایف آئی اے اینٹی کرپشن کا جعلی ادویات فیکٹری پر چھاپہ، 12 کروڑ کی مضر صحت دوائیں برآمد

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اینٹی کرپشن ونگ نے کراچی میں جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی مضر صحت دوائیں برآمد کر لی ہیں۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے احسن آباد میں واقع جعلی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں جعلی اور مضر صحت ادویات ضبط کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 12 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے فیکٹری کے منیجر کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق فیکٹری میں غیر معیاری اور مضر صحت مواد استعمال کر کے جعلی ادویات تیار کی جا رہی تھیں، جو بعد ازاں شہر کے مختلف میڈیکل اسٹورز کو سپلائی کی جاتی تھیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔