پی ٹی آئی میں کوئی بھی بانی کی رہائی نہیں چاہتا، وزیر دفاع خواجہ آصف کا دعویٰ

وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف میں کوئی بھی شخص بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی نہیں چاہتا۔ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان ان دنوں آنکھوں کے مرض کے باعث زیرِ بحث ہیں۔ اسی تناظر میں خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے موجودہ حالات سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی میں کوئی بھی بانی چیئرمین کی رہائی کا خواہاں نہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت، رشتے دار اور نام نہاد سوشل میڈیا جہادی نہیں چاہتے کہ عمران خان رہا ہوں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی وجہ سے ان سب کی سیاسی دکانیں چل رہی ہیں اور یہ اپنی دکانیں بند نہیں ہونے دیں گے، اسی لیے یہ لوگ سارا دن ٹی وی اسکرینوں پر نظر آتے ہیں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ان رہنماؤں کے پاس اپنا ایک بھی ووٹ نہیں، ووٹوں کا اصل مالک جیل کے اندر ہے، جبکہ یہ لوگ کسی قسم کی ویلیو ایڈیشن کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔