صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ان کا ارادہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ سیاسی طور آگے بڑھیں۔ وہاڑی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مریم نواز اور شہباز شریف کو ووٹ دیا اور اتحاد کے ساتھ چلنے پر زور دیا، جبکہ سیاست میں لچک اور سیاسی بلوغت ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے، جبکہ ان کی حکومت فی الحال سندھ اور بلوچستان تک محدود ہے۔ صدر زرداری کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ملک کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور گذشتہ چار سالوں میں عمران خان کی نہیں بلکہ جنرل فیض حمید کی حکومت رہی جس دوران ملک جمود کا شکار رہا، اور خیبر پختونخوا میں احتجاج اور سڑکیں بند ہونے جیسی صورتحال جاری رہی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی تعاون انتہا پسندی کے رجحانات کو روکنے میں مدد دیتا ہے اور وہ ہر علاقے، خصوصاً بلوچستان کے عوام کی ضروریات سے واقف ہیں۔