سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں قومی شاہراہ پر ایک تیز رفتار ٹریلر اور کار کے درمیان خوفناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار تمام افراد دم توڑ گئے۔ جاں بحق افراد کی شناخت ندیم، غلام سولنگی، عبدالحکیم، حاجی خان، بخشل، سہراب اور منظور کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کار لاڑکانہ سے کراچی جا رہی تھی۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق نصیر آباد سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ٹریلر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔