سپر ہائی وے کاٹھور کے قریب پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثے میں ایک اور زخمی بچے نے اسپتال میں دم توڑ دیا، جس کے بعد اس المناک واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق سول اسپتال میں زیرِ علاج 3 سالہ بچہ عمران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ یہ حادثہ ایم نائن موٹروے پر اس وقت پیش آیا جب آئل ٹینکر، مسافر بس، وین اور ایک چھوٹی گاڑی کے درمیان زوردار تصادم ہوا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں آئل ٹینکر کا ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا ہے۔لواحقین کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام 13 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان اور محسود قبال سے تھا۔ متاثرہ خاندان کوٹری (حیدرآباد) سے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک شادی کی تقریب میں شریک ہونے آیا تھا۔یہ المناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب خاندان شادی کی تقریب سے واپس کوٹری جا رہا تھا۔ کراچی میں تمام ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں حیدرآباد (کوٹری) روانہ کی جائیں گی، جہاں تمام جاں بحق افراد کی تدفین کی جائے گی۔ اس حادثے میں اب بھی 6 سے زائد زخمی مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔