دنیا بھر کے مسلمان استقبال رمضان کی تیاریاں کر رہے ہیں اور پاکستان میں ماہ رمضان کے آغاز کے حوالے سے نئی پیشگوئی سامنے آ گئی ہے۔ شعبان کا مہینہ اختتام کی جانب ہے اور لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ چاند کب نظر آئے گا اور پہلا روزہ کب ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں ماہ شعبان 29 روز کا ہونے کی توقع ہے۔ اس بنیاد پر رمضان المبارک کا چاند بدھ، 18 فروری کو نظر آنے اور پہلا روزہ جمعرات، 19 فروری کو ہونے کا امکان ہے۔چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہوگی۔ اگلے روز چاند کی عمر اور موسم کی صورتحال رویت کے لیے موزوں دکھائی دے رہی ہے، جس کی وجہ سے چاند نظر آنے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18 فروری کو کراچی میں چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہوگی، سورج غروب ہونے کا وقت 6 بج کر 25 منٹ اور چاند غروب ہونے کا وقت 7 بج کر 24 منٹ ہوگا، جو رویت کے لیے موزوں دورانیہ سمجھا جاتا ہے۔یہ پیشگوئی امکانات پر مبنی ہے، حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔