بھارت سے میچ کے بائیکاٹ پر آئی سی سی قوانین کیا کہتے ہیں؟

پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کرنے کے اعلان کے بعد آئی سی سی کے قوانین پر بحث شروع ہو گئی ہے کہ ایسے فیصلے کی صورت میں کیا نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے قوانین کے مطابق اگر کوئی ٹیم میچ کھیلنے سے انکار کرتی ہے تو اسے میچ کے 2 پوائنٹس سے محروم کر دیا جاتا ہے، جبکہ اس فیصلے کا اثر نیٹ رن ریٹ پر بھی پڑتا ہے۔

قوانین کے تحت اگر پاکستان میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کرتا ہے تو بھارت کو مکمل 2 پوائنٹس مل جائیں گے اور اس کا نیٹ رن ریٹ بھی برقرار رہے گا، جبکہ پاکستان کا نیٹ رن ریٹ متاثر ہوگا۔

آئی سی سی کے قانون کی شق 16.10.7 کے مطابق اگر کوئی ٹیم میچ کھیلنے سے انکار کرے تو اس ٹیم کے نیٹ رن ریٹ کا حساب اس طرح لگایا جائے گا جیسے اس ٹیم نے میچ میں پورے 20 اوورز کھیلے ہوں، چاہے میچ ہوا ہی نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق میچ کے بائیکاٹ کی صورت میں پوائنٹس کے نقصان کے ساتھ ساتھ نیٹ رن ریٹ پر منفی اثر پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کی راہ کو مشکل بنا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم ترین مقابلوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس پر شائقینِ کرکٹ کی نظریں مرکوز رہتی ہیں۔