کوئٹہ: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اہلکاروں سے ملاقات کی اور سیکورٹی کا جائزہ لیا

کوئٹہ: بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے رات دیر گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی اہلکاروں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

وزیراعلیٰ نے مختلف پولیس چوکیوں پر اہلکاروں کے ساتھ وقت گزارا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی اسمبلی کے ممبران حاجی علی مدد جتک، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، آغا شکیل احمد درانی، ایم پی اے زرک خان مندوخیل، شیر خان ناصر، حسن میر بلوچ، یوسف بنگلزئی اور دیگر بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فوج اور پولیس کے جوان ہر قسم کی دہشت گردی اور بدامنی کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک ارادے کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان قائم رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔