سعودی عرب میں ادارہ امورِ حرمین شریفین نے اعلان کیا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں رمضان المبارک کے دوران افطار دسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ کی درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں افطار دسترخوان لگانے کے خواہشمند افراد اور غیرمنافع بخش فلاحی تنظیمیں مقررہ ضوابط کے تحت درخواستیں جمع کرا سکتی ہیں۔رپورٹس کے مطابق انفرادی سطح پر پرمٹ کے لیے درخواستوں کی وصولی دو دن یعنی 25 جنوری تک جاری رہے گی، جبکہ غیرمنافع بخش فلاحی اداروں کی درخواستوں کی وصولی 28 جنوری سے شروع ہوگی، جس کے لیے تین دن کی مہلت دی گئی ہے۔ادارہ امورِ حرمین شریفین نے واضح کیا ہے کہ درخواستیں جمع کرانے سے قبل افطار دسترخوان لگانے کے لیے جاری کردہ ضوابط کا بغور جائزہ لیا جائے اور انہی اصولوں کے مطابق درخواستیں تیار کی جائیں۔یاد رہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں ایک سال کے دوران 8 ہزار 335 طلبہ و طالبات نے قرآن کریم حفظ کیا، جو حرمین شریفین میں دینی خدمات کا ایک اہم اعزاز ہے۔