اسرائیل کی غزہ اور لبنان میں جارحیت جاری لبنانی فوج اور یونیفیل ٹیم پر فائرنگ

اسرائیل کی جانب سے غزہ اور لبنان میں بربریت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی ٹینک نے جنوبی لبنان میں لبنانی فوج اور اقوامِ متحدہ کی امن مشن فورس ’یونیفیل‘ کی مشترکہ ٹیم کے اطراف فائرنگ کی ہے۔رپورٹس کے مطابق لبنانی فوج کی ایک ٹیم جب وادی العصافیر کے قریب یونیفیل کے ساتھ مشترکہ فیلڈ مشن پر موجود تھی تو جنوبی علاقے ’’الحمامص‘‘ میں قائم ایک نئے اسرائیلی مورچے سے ٹینک کے ذریعے فائرنگ کی گئی۔اسی طرح جمعہ کی سہ پہر جنوبی لبنان کے ضلع بنت جبیل کے قصبے عیترون کے مضافات میں لبنانی سرحد کے اندر جبل الباط میں قائم اسرائیلی مورچے سے مشین گنوں کے ذریعے فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔مشرق میں ایک اسرائیلی ڈرون نے بعلبک بین الاقوامی شاہراہ پر مجدلون کے موڑ پر ایک کار کو نشانہ بنایا، جبکہ ایک اور ڈرون حملہ بعلبک میں دار الامل ہسپتال کے قریب دورس قصبے پر کیا گییہ واقعات ایسے وقت میں پیش آئے ہیں جب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان نومبر 2024 کے آخر میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، تاہم اسرائیل کی جانب سے حملے تاحال جاری ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں اور ارکان کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ حزب اللہ پر اپنی عسکری صلاحیتیں بحال کرنے کا الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے۔