کسٹمز میرین یونٹ کی بڑی کارروائی کھلے سمندر میں 38 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد

کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے میرین یونٹ نے کھلے سمندر میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر ملکی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران لانچوں الغفوری اور الکبیر سے مجموعی طور پر 38 ہزار 265 لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کے مطابق میرین یونٹ کراچی نے مصدقہ اطلاع پر بلوچستان کی ساحلی پٹی کے قریب کھلے سمندر میں کارروائی کی۔ آپریشن کا مقصد غیر قانونی طور پر غیر ملکی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی اسمگلنگ کو روکنا تھا۔کسٹمز حکام کے مطابق آپریشن کے دوران بلوچستان کے ساحلی علاقے مالان کے قریب دو لانچوں الغفوری اور الکبیر کو روکا گیا۔ تلاشی کے دوران الغفوری سے 18 ہزار 100 لیٹر جبکہ الکبیر سے 20 ہزار 165 لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل برآمد ہوا۔میرین یونٹ کے مطابق دونوں لانچوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، جبکہ ضبط شدہ ڈیزل اور لانچوں کی مجموعی مالیت تقریباً 4 کروڑ روپے بتائی جا رہی ہے۔ ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔