پاکستانی زیتون کی عالمی سطح پر دھوم مچ گئی ہے، جہاں بلوچستان کے ضلع لورالائی میں تیار کردہ خالص ایکسٹرا ورجن اولیو آئل نے نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل مقابلے میں سلور ایوارڈ جیت لیا۔تفصیلات کے مطابق لورالائی کے زیتون کے تیل نے اپنی اعلیٰ کوالٹی، بہترین ذائقے اور غذائی افادیت کی بنیاد پر عالمی جیوری کو متاثر کیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن ہوا۔یہ کامیابی بلوچستان کی زرعی صلاحیت اور مقامی کسانوں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کی زرعی پہچان میں اضافہ ہوا بلکہ زرعی برآمدات کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ لورالائی اولیو آئل کا معیار اور ذائقہ اسے دنیا کے بہترین زیتون کے تیلوں میں شامل کرتا ہے، جبکہ اس کامیابی سے مقامی کسانوں کو خوشحالی اور خود کفالت کے نئے مواقع حاصل ہو رہے ہیں۔یہ اعزاز پاکستان کے زرعی شعبے کی عالمی سطح پر شناخت اور مستقبل میں زیتون کی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔