شہر قائد کراچی میں پارکنگ فیس کے نام پر شہریوں کو لوٹنے والے پارکنگ مافیا کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں مزید 12 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔کراچی کے مرکزی علاقے صدر، ریگل چوک اور عبداللہ ہارون روڈ سمیت اطراف میں غیر قانونی پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر صدر حاظم بھنگوار کی سربراہی میں آپریشن کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خود پریڈی تھانے پہنچے جہاں پارکنگ مافیا کے خلاف مزید 12 مقدمات درج کروائے گئے۔تمام مقدمات ٹریفک پولیس کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں۔ غیر قانونی پارکنگ، زائد فیس وصولی اور شہریوں سے بدسلوکی پر اب تک 40 سے زائد مقدمات درج ہو چکے ہیں جبکہ 30 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہےاسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ تجاوزات اور پارکنگ مافیا خود اپنا قبلہ درست کر لیں، شہر میں کسی بھی صورت غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔