اسلام آباد میں شادی والے گھر میں سلنڈر دھماکا دولہا دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں ایک شادی والے گھر میں گیس سلنڈر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں دولہا اور دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے دھماکے کے وقت گھر میں شادی کی تقریبات جاری تھیں۔ اچانک ہونے والے زور دار دھماکے سے شادی خوشی ماتم میں بدل گئی اور پورے علاقے میں چیخ و پکار مچ گئی۔ دھماکے کے باعث قریبی کئی مکانات بھی متاثر ہوئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، انتظامیہ اور ریسکیو ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق گھروں سے 5 لاشیں اور 10 زخمیوں کو نکالا گیا، جبکہ اسپتال منتقل کیے گئے زخمیوں میں سے مزید 3 دم توڑ گئے۔پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق تین گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور ایک گھر جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔ واقعے کے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔