لکی مروت اور بنوں میں الگ الگ فائرنگ کے واقعات میں مجموعی طور پر 4 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔
لکی مروت پولیس کے ترجمان کے مطابق، سرائی نورنگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر موجود تین ٹریفک اہلکار شہید ہو گئے۔ شہداء میں انچارج ٹریفک پولیس نورنگ جلال خان، کانسٹیبل عزیز اللہ اور کانسٹیبل عبداللہ شامل ہیں۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے، جبکہ شہداء کے لاشیں تعلقہ ہیڈ کوارٹر اسپتال سرائی نورنگ منتقل کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب، بنوں پولیس کے مطابق، منڈان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید ہوا۔ کانسٹیبل رشید خان گھر سے ڈیوٹی کے لیے منڈان تھانے جا رہے تھے کہ حملے کا نشانہ بن گئے۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لکی مروت کے واقعے کی سخت مذمت کی اور شہید ٹریفک اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ افسوسناک ہے اور شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بزدلانہ حملوں سے ملک دشمن عناصر اپنے ناکام ارادوں میں کامیاب نہیں ہو سکتے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور صوبائی حکومت پولیس فورس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ شہداء کے اہل خانہ کو ہر قسم کی مدد فراہم کی جائے گی۔