لاہور میں پہلا فلوٹنگ ریسٹورنٹ دریائے راوی کی نہر پر منفرد منصوبہ رواں سال مکمل ہونے کا امکان

لاہور کے شہریوں کے لیے تفریح اور سیاحت کا ایک نیا اور منفرد منصوبہ تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے۔ دریائے راوی سے نکلنے والی نہر پر لاہور کا پہلا فلوٹنگ ریسٹورنٹ رواں سال مکمل کیے جانے کی توقع ہے، جہاں بہترین کھانوں کے ساتھ پارکنگ اور دیگر جدید سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔ جلو پارک کے قریب نہر پر قائم کیے جانے والے اس فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جس میں ایک وقت میں دو سو سے زائد افراد کے لیے کھانے کی گنجائش ہوگی۔پروجیکٹ انتظامیہ کے مطابق فلوٹنگ ریسٹورنٹ تین منزلہ ہوگا، جس کے لیے نہر کو گہرا کرنے کا عمل جاری ہے اور اس مقصد کے تحت نہر سے ریت نکالی جا رہی ہے۔ منصوبے پر دن رات کام کیا جا رہا ہے تاکہ اسے مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔ریسٹورنٹ میں معیاری اور متنوع کھانوں کے علاوہ شہریوں کی سہولت کے لیے پارکنگ، بیٹھنے کے آرام دہ انتظامات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔منیجنگ ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راجہ منصور احمد کے مطابق یہ منصوبہ لاہور کے شہریوں کے لیے تفریح اور سیاحت کا ایک نیا مرکز ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرے گا بلکہ عوام کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ بھی فراہم کرے گا، جبکہ منصوبہ سازوں کو امید ہے کہ یہ ریسٹورنٹ لاہور کی نئی پہچان بنے گا۔