پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کے خلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نااہلی کا یہ ریفرنس پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر علی ظفر کی جانب سے فائل کیا گیا، جبکہ ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سینیٹر عون عباس نے ریفرنس سیکرٹری سینیٹ کو جمع کرایا۔ریفرنس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی ہدایات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلور کراسنگ کی۔ متن کے مطابق پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا متفقہ فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے تحریری ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں، تاہم سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے ان ہدایات کے برخلاف ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے 10 اور 15 نومبر کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کی۔ پارٹی کی جانب سے انہیں شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا، تاہم تاحال ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ریفرنس میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر آئین کے آرٹیکل 63 اے کا اطلاق ہوتا ہے اور سینیٹر سیف اللہ ابڑو پارٹی سے انحراف کے مرتکب ہو چکے ہیں۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ریفرنس کو فوری طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔