غلام محمد مہر میڈیکل کالج سول اسپتال میں 6 سال بعد ناکارہ آکسیجن پلانٹ فعال مریضوں کو بڑا ریلیف

غلام محمد مہر میڈیکل کالج ٹیچنگ سول اسپتال میں عوامی سہولیات کی بہتری اور مریضوں کی اشد ضرورت کے پیشِ نظر گزشتہ چھ سال سے خراب اور ناکارہ آکسیجن پلانٹ کو مرمت کے بعد دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو آکسیجن کی قلت جیسے سنگین مسئلے میں نمایاں ریلیف ملے گا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم ایم ایم سی سول اسپتال، پروفیسر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن نے بتایا کہ اپنی ذاتی کوششوں اور انتظامی تعاون سے بند آکسیجن پلانٹ کو بحال کیا گیا۔ ناکارہ پلانٹ کا باقاعدہ افتتاح پرنسپل غلام محمد مہر میڈیکل کالج، پروفیسر ڈاکٹر محمد صالح چنہ نے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد علی ملک اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے بھرپور محنت اور تعاون سے اس فلاحی مشن کو کامیاب بنایا۔ انتظامیہ کے مطابق اسپتال میں مزید طبی سہولیات کی فراہمی اور بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن نے مزید کہا کہ آکسیجن پلانٹ کی بحالی سے نہ صرف مریضوں کے آکسیجن کے مسائل حل ہوئے ہیں بلکہ مختلف وارڈز میں سہولیات بھی بہتر ہوئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی او پی ڈی چیمبرز میں پروفیسرز اور اسسٹنٹ پروفیسرز کو وقت کی پابندی سے متعلق سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔