ایف آئی اے نے جعلی شناخت پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنائی مسافر کو آف لوڈ کر دیا

لاہور ایف آئی اے امیگریشن نے ایک کارروائی کے دوران گوجرانوالہ کے رہائشی مہران احمد کو جعلی شناخت کی بنیاد پر بیرون ملک روانگی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے آف لوڈ کر دیا۔ مسافر پرواز نمبر QR629 کے ذریعے اسپین جانے کی کوشش کر رہا تھا، لیکن ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس کی موجودہ پاسپورٹ پر تصویر اس کی شناخت سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ اسپین کا رہائشی ہے اور ماضی میں اپنے پرانے پاسپورٹ پر بیرون ملک سفر کر چکا ہے۔ اس نے بتایا کہ آن لائن پاسپورٹ رینیول کے دوران اس نے اپنے بھائی کی تصویر موجودہ پاسپورٹ پر لگا دی تھی تاکہ غیر قانونی طور پر اسپین لے جایا جا سکے۔ ملزم کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔