کراچی میں شہری سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے چین نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو 58 جدید سولر اسٹریٹ لائٹس عطیہ کردی ہیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا جہاں یہ لائٹس باضابطہ طور پر بلدیہ عظمیٰ کے حوالے کی گئیں اس موقع پر چینی قونصلیٹ میں ایم او یو پر دستخط کی خصوصی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ میئر کراچی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی تعاون ہمیشہ مضبوط رہا ہے اور یہ شراکت داری مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ چین کی جانب سے جدید سولر اسٹریٹ لائٹس کا یہ تحفہ شہر کی بہتری کے لیے اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لائٹس کی تنصیب سے سڑکوں پر روشنی میں اضافہ ہوگا، شہریوں کی سیکیورٹی بہتر ہوگی اور مجموعی سہولتوں میں بہتری آئے گی میئر کراچی نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی ہر آزمائش میں کھر ی اتری ہے اور اس طرح کے اقدامات اس رشتے کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔