ٹرمپ کی دھمکی: ’’اگر ظہران ممدانی میئر بنے تو نیویارک کو وفاقی فنڈ نہیں دوں گا‘‘

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹ مسلم امیدوار ظہران ممدانی نیویارک کے میئر منتخب ہوئے تو وفاقی فنڈز روک دیے جائیں گے۔ اپنی سوشل میڈیا ایپ ٹروتھ سوشل پر بیان دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ’’اگر نیویارک کو کوئی کمیونسٹ چلائے گا تو وہاں فنڈ بھیجنا پیسوں کا ضیاع ہوگا۔‘انہوں نے سابق میئر بل ڈی بلاسیو کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ظہران ممدانی اس سے بھی زیادہ خراب کارکردگی دکھائیں گے۔‘‘ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹرمپ نے ریپبلکن امیدوار کرٹس سلوا کے بجائے آزاد امیدوار اور سابق گورنر اینڈریو کومو کی حمایت کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ ’’اگر انتخاب ایک برے ڈیموکریٹ اور ایک کمیونسٹ کے درمیان ہو تو میں برے ڈیموکریٹ کو ترجیح دوں گا۔‘واضح رہے کہ نیویارک کے میئر کا انتخاب آج ہو رہا ہے، جس میں ظہران ممدانی انتخابی سروے کے مطابق 45.8 فیصد حمایت کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ انہیں آزاد امیدوار اینڈریو کومو پر 14.7 پوائنٹس اور ریپبلکن کرٹس سلوا پر 28.5 پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ الیکشن بورڈ کے مطابق قبل از وقت ووٹنگ میں 7 لاکھ 34 ہزار سے زائد افراد نے ووٹ ڈالے، جب کہ آج تقریباً 50 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز اپنا میئر منتخب کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کر رہے ہیں