ایبٹ آباد کے گلیات علاقے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں مسلم لیگ (ن) چارسدہ کے نائب صدر بابر خان عمرزئی تفریحی دورے کے دوران پہاڑ سے پھسل کر 300 فٹ گہری کھائی میں جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق بابر خان نتهیا گلی کے قریب پہاڑی علاقے میں موجود تھے کہ اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا اور وہ گہری کھائی میں جا گرے۔ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو نکالا اور نتهیا گلی اسپتال منتقل کیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق بابر خان کے سر اور جسم پر شدید چوٹیں آئیں، جن کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔بابر خان کا تعلق چارسدہ سے تھا اور وہ مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر کی حیثیت سے فعال خدمات انجام دے رہے تھے۔وفاقی وزیر برائے کشمیر امور، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے بابر خان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ بابر خان ایک باصلاحیت، مخلص اور متحرک سیاسی رہنما تھے، ان کی ناگہانی موت ن لیگ سمیت پوری سیاسی برادری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بابر خان کی پارٹی کے لیے خدمات اور عزم کو ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔