بابا گورونانک کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں شروع دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد جاری

سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک کے 556 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات ننکانہ صاحب میں شروع ہو گئی ہیں۔دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اندرون و بیرون ملک سے تقریباً 30 ہزار یاتری مرکزی تقریب میں شریک ہوں گے۔ذرائع کے مطابق بھارت سے دو ہزار سے زائد سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے کل ننکانہ صاحب پہنچیں گے، جن کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے یاتریوں کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے ہیں، جن میں پانچ ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکاران ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔یاتریوں کی سہولت کے لیے سہولت مرکز، بینک، منی ایکسچینج، اور فری شٹل سروس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔گوردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کے علاج معالجے کے لیے منی اسپتال قائم کیا گیا ہے، جب کہ ساتوں گوردواروں میں ڈسپنسریاں اور ریسکیو کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔سکھ یاتریوں کے لیے لنگر کا وسیع انتظام موجود ہے اور شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔بابا گورو نانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں منعقد ہوگی، جب کہ تقریبات 6 نومبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔