کراچی: ڈمپر اور کار حادثات میں ایک جاں بحق متعدد زخمی

شہر قائد کے علاقے ملیر کینٹ کے قریب ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق ملیر کینٹ کے قریب سڑک پر ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری، حادثے میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کا ملازم موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس حکام کے مطابق جاں بحق اہلکار ایئرپورٹ سے گھر واپس جا رہا تھا کہ اچانک ڈمپر کی زد میں آگیا، موٹر سائیکل ڈمپر کے نیچے پھنس گئی تھی۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کا لائسنس 16 اکتوبر کو ایکسپائر ہو چکا ہے۔دوسری جانب کراچی کی شارع فیصل پر بلوچ کالونی پل کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک موٹرسائیکل سوار اور کار سوار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق حادثہ دو کاروں کی تیز رفتاری اور ریس کے دوران پیش آیا۔ ایک کار بے قابو ہو کر موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کار الٹ گئی۔زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جب کہ جائے وقوعہ سے شیشے، آئل اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے۔ پولیس نے کار کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔