ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج میں کراچی کے طلبہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق ٹاپ 10 میں شامل 124 امیدواروں میں سے 41 کا تعلق کراچی سے ہے۔نتائج میں پہلی تینوں پوزیشنز بھی کراچی کے طلبہ کے نام رہیں۔اعدادوشمار کے مطابق ایم بی بی ایس کے 56 فیصد اور بی ڈی ایس کے 48 فیصد امیدوار امتحان میں فیل ہوئے، جبکہ 14 ہزار 300 امیدواروں نے 55 فیصد یا اس سے زائد نمبر لے کر ایم بی بی ایس میں کامیابی حاصل کی۔اسی طرح بی ڈی ایس کے 17 ہزار 123 امیدوار 50 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔پوزیشن ہولڈرز میں کراچی کے سید محمود خان نے 180 میں سے 175 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔کورنگی کے فیصل اشرف خان اور قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین نے 174 نمبر حاصل کرکے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔جبکہ تیسری پوزیشن بھی مشترکہ طور پر کراچی کے محمد ریان ہمایوں، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز اور حیدرآباد کی حرا عابد نے 173 نمبر کے ساتھ حاصل کی۔مجموعی طور پر کراچی کے طلبہ نے ایک بار پھر تعلیمی میدان میں اپنی برتری ثابت کر دی۔