وفاقی حکومت نے اپنے ملازمین کو مہنگے کرایوں سے ریلیف دینے کے لیے ہاؤس رینٹ سیلنگ میں 85 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے یہ منظوری سمری سرکولیشن کے ذریعے دی۔ یہ اضافہ گریڈ 1 سے 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کے لیے اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں نافذ ہوگا۔ اس فیصلے سے قومی خزانے پر تقریباً 12 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے وفاقی کابینہ کو تجویز دی تھی کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کرایوں میں اضافے کے باعث سرکاری ملازمین کے کرایہ الاؤنس میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔وزارت نے واضح کیا کہ شہری علاقوں میں کرایوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث موجودہ الاؤنس میں مناسب رہائش حاصل کرنا ملازمین کے لیے مشکل ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ آخری بار ہاؤس رینٹ سیلنگ میں ترمیم 28 ستمبر 2021 کو کی گئی تھی۔