خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی جنرل نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ یہ نشست سابق وفاقی وزیر شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔ اس نشست کے لیے تین امیدوار میدان میں ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے خرم ذیشان، مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ تاج محمد آفریدی اور عرفان سلیم شامل ہیں۔پولنگ کے آغاز میں پہلا ووٹ پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن احسان اللہ نے کاسٹ کیا۔ انتخابی مبصرین کے مطابق خرم ذیشان اور تاج محمد آفریدی کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔خیبرپختونخوا اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد 145 ہے جبکہ کامیابی کے لیے کم از کم 73 ووٹ درکار ہیں۔ اس وقت ایوان میں پی ٹی آئی کے 92 اور اپوزیشن کے 49 اراکین موجود ہیں۔ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے چار اراکین نے کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اب تک 77 اراکین اپنے ووٹ کاسٹ کر چکے ہیں۔ اسمبلی عمارت میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق ایک ایس پی، چار ڈی ایس پیز، دو انسپکٹرز اور 262 اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز سیکیورٹی انتظامات کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی یہ نشست شبلی فراز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔