ترجمان پولیس کے مطابق بہاولنگر میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ کارروائی کے دوران 15 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔حکام کا کہنا ہے کہ افغان باشندوں کو مکان، رہائش یا دکانیں کرائے پر دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔ پابندی کے باوجود کرایہ پر پراپرٹی دینے پر 10 مقدمات درج کیے گئے۔پولیس کے مطابق غیر قانونی طور پر افغان باشندوں کو رہائش اور دکانیں فراہم کرنے والوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل کریں، بصورت دیگر کارروائی جاری رہے گی۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ افغان باشندوں سمیت کسی بھی غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج یقینی بنایا جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر افغان باشندوں اور دیگر غیر ملکیوں کو مکان، دکان، فیکٹری، ہوٹل یا پیٹرول پمپ کرائے پر دینے کی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے مساجد میں اعلانات کرائے جائیں، جبکہ پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ اوز کو اس سلسلے میں رپورٹس جمع کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔