ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر 27 تا 29 اکتوبر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور کابینہ کے سینئر ارکان بھی ہوں گے۔ اس دوران وزیراعظم ریاض میں ہونے والی مستقبل سرمایہ کاری کانفرنس کے نویں ایڈیشن میں شرکت کریں گے، جس کا موضوع ہے “خوشحالی کی کنجی، ترقی کی نئی سرحدوں کا انکشاف”۔ترجمان کے مطابق کانفرنس میں عالمی رہنما، سرمایہ کار، پالیسی ساز اور موجد شریک ہوں گے۔ اجلاسوں میں اختراع، پائیداری، اقتصادی شمولیت اور جغرافیائی تبدیلیوں پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔ وزیراعظم سعودی حکام سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی وسائل کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم اپنے دورے کے دوران دیگر ممالک کے رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں پاکستان کی سرمایہ کاری کی صلاحیت، معاشی مواقع اور پائیدار ترقی کے وژن کو اجاگر کیا جائے گا۔